(علی عباس) عوامی تحریک کے اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے چوہدری برادران سے خرم نوازگنڈاپور کی ملاقات ۔ق لیگ نے آل پارٹیزکانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی خرم نوازکاکہناہے کہ حکومت نے ہائیکورٹ کی آنکھوں میں بھی دھول جھونکی،مجرموں کوسزادلواکر رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک نے تیس دسمبرکوآل پارٹیزکانفرنس میں شرکت کے لیے اپوزیشن رہنماؤں سے رابطے شروع کردیئے ہیں،چودھری برادارن سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات ہوئی, عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے چوہدری شجاعت حسین اور پرویزالہی کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ,مسلم لیگ ق نے یہ دعوت قبول کر لی۔ملاقات کے بعد سابق وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی اور خرم نواز گنڈا پور نے پریس کانفرنس کی جس میں ق لیگ کےسینئر رہنما کامل علی آغا بھی موجود تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے سانحہ ماڈل ٹاون پر اے پی سی کی دعوت کا ذکر کیا اور کہا کہ چار جماعتی اتحاد ہمارے لئے بہت اہم ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کے بعد صورتحال واضح ہو گئی ہے،رپورٹ چھپا کر وزیر اعلی نے خود کو بچانے کی کوشش کی ،انہوں نے یہ بھی کہاکہ رپورٹ کا بیشتر حصہ ابھی تک منظر عام پر نہیں آیا۔
دوسری جانب چودھری پرویز الہی نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون کے مجرم کیفر کردار تک پہنچنے چاہئیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے طاہر القادری کا نام ای سی ایل میں ڈال کر اچھا کیا ۔یہ اچھا ہے کہ انصاف ملنے تک طاہر القادری ملک سے باہر نہیں جائیں گے ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ انگلی نہیں، دونوں ہاتھ ہی وزیر اعلی پنجاب کی طرف جارہےہیں ۔
چودھری پرویز الہیٰ نےکہاکہ دونوں بھائی ایک دوسرے کیساتھ کھیل رہے ہیں جس کاانجام جلدہوگا, انہوں نےمیاں شہبازشریف کو وزیراعظم بنانے کی بات کوبھی آڑے ہاتھوں لیا۔
عوامی تحریک تیس دسمبر کوہونے والی اے پی سی میں سانحہ ماڈل ٹاون کے متاثرین کو انصاف اور مجرموں کو سزا دینے پر اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔