سٹی42: بلوچستان کے کئی علاقوں میں شر پسندوں نے دھماکہ خیز مواد کے ساتھ حملے کئے ہیں۔ کوئٹہ، قلات، سبی اور گوادر کی جیونی بندرگاہ میں بم حملے کئے گئے جن میں اسسٹنٹ کمشنر قلات آفتاب لاسی زخمی ہو گئے، دو لیویز اہلکار بھی زخمی ہوئےے۔ ایک حملے میں ٹرین کے ٹریک کو نقصان پہنچا اور ایک حملے میں گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ بعد میں ملے والی اطلاعات کے مطابق مستونگ میں ایک حملے کے بعد کوئٹہ کراچی ہائی وے پر آمد و رفت روک دی گئی ہے۔
اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مستونگ میں بائی پاس کے علاقے میں ریلوے ٹریک کے ساتھ دھماکہ ہوا۔ انتظامیہ کے ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے ریلوے ٹریک کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جو دھناکے کے ساتھ پھٹ گیا۔ اس دھماکے سے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے۔
بعدازاں مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں لیوئز فورس کے تھانے پر نامعلوم افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا، حملے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ذرائع انتظامیہ کے مطابق کھڈ کوچہ میں تھانے پر حملے کی وجہ سے کوئٹہ کراچی ہائی وے پر ٹریفک معطل کردی گئی ہے، کوئٹہ سے کراچی جانے والی ٹریفک کو مستونگ میں روک دیا گیا ۔
گوادر کے جیونی تھانہ پر بم کا حملہ
شر پساندوں نے گوادر کے علاقہ جیونی میں پولیس تھانے پر حملہ کیا۔ جیونی کا ساحلی قصبہ ایران کی سرحد سے 15 کلومیٹر دوری پر واقع ہے۔ جیونی میں انتظامیہ کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ نامعلوم شر پسندوں نے پولیس سنٹر کو ہینڈ گرنیڈ سے نشانہ بنایا ہے۔ حملہ ایرانی سرحد سے 15کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا نے پر کیا گیا .
اس بم حملے میں پولیس تھانے کے ساتھ کھڑی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
کوئٹہ میں دیسی بم کا حملہ
کوئٹہ سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قمبرانی روڈ پر کیچی بیگ تھانے کے ساتھ دیسی ساختہ بم کا دھماکہ ہوا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس دیسی ساختہ بم حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر موقع سے شواہد اکھٹے کئے ہیں۔
قلات میں لیویز کی موبائل پر حملہ
قلات سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مہلبی کے قریب قومی شاہراہ پر نامعلوم افراد نے لیویز کی موبائل پر حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں اسسٹنٹ کمشنر قلات آفتاب لاسی اور لیویز کے دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
قلات میں لیویز فورس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
بعد ازاں موصول ہونے والی اطلاعات مین قلات انتظامیہ نے تصدیق کی کہ نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں اسسٹنٹ کمشنر قلات آفتاب لاسی بھی شامل ہیں۔
لیویز زرائع سےمعلوم ہوا ہے کہ مسلح شر پسندوں نے ٹول پلازہ اور پرنس عبد الکریم ففٹی بیڈڈز ہسپتال پر قبضہ بھی کرلیا ہے۔ شر پسندوں نے مہلبی کے قریب قومی شاہراھ پر بنے پل کو دھماکے سے اڑادیا ۔
لیویز کے ذرائع نے بتایا کہ مسلح شر پسندوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ فائرنگ کے تبادلے کی وجہ سے کوئٹہ کراچی شاہراھ کو بند کردیا گیا ہے۔
سبی میں پولیس پرر دستی بم کا حملہ
سبی میں ترین چوک پر پولیس اہلکاروں پر دستی بم حملہ کی اطلاع ملی ہے۔ اس بم حملے میں کوئی جانی نقصا ن نہیں ہوا۔
پو لیس ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کے قریب دستی بم پھینکا ۔
سبی میں سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لینے کے بعدملزمان کی تلاش شر ع کر دی۔