ویب ڈیسک : کراچی کے علاقے گولیمار میں دو مذہبی گروپوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق، جبکہ 9 زخمی ہوگئے، تصادم کے دوران کئی گاڑیوں کو بھی نظر آتش کردیا گیا ۔
کراچی کے علاقے گولیمار میں مذہبی جماعت کی ریلی گزرنے پر گروہی تصادم کا واقعہ پیش آیا، تصادم کے دوران فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے، مشتعل افراد کی جانب سے کئی گاڑیوں کو آگ لگادی گئی۔ واقعے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گولیمار میں ایک مذہبی جماعت کی ریلی گولیمار کے علاقے سے گزر رہی تھی، جہاں پہلے سے ایک مذہبی جماعت کا کیمپ لگا تھا، فریقین میں نعرے بازی کے بعد کشیدگی بڑھی، پتھراؤ ہوا، جس کے بعد فائرنگ ہوئی۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے اور شہریوں سے پر امن رہنے کی اپیل بھی کی ہے۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے بھی آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی سے رابطہ کیا ہے اور پولیس کو امن و امان پر فوری قابو پانے کی ہدایت کردی۔