اسرار خان : لاہور میں ڈکیتی کی وارداتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، ہربنس پورہ کے علاقہ میں 3 ڈاکوؤں نے موبائل شاپ لوٹ لی ۔
پولیس کے مطابق واردات عامر ٹاؤن مین بازار میں واقع فیضان موبائلز میں 22 اگست کو ہوئی، سی سی ٹی وی میں واردات میں ملوث ملزمان موٹر سائیکل پر فرار ہوتے نظر آتے ہیں۔ 2 ملزمان نے پتلون شرٹ اور تیسرے نے شلوار قمیض پہن رکھی تھی۔
دوسری جانب پولیس نے متاثرہ دکان مالک فیضان طارق کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ۔ مدعی مقدمہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزمان 2 لاکھ روپے نقدی، لیپ ٹاپ اور 11 موبائل فون لوٹ کر فرار ہوئے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی اور جائے وقوعہ سے ملنے والے دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے ۔