اویس کیانی : حضرت علی بن عثمان داتا گنج بخش الہجویری ؒؒ کا عرس مبارک، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی داتا گنج بخش ؒ کے مزار پر حاضری کیلئے پہنچ گئے ۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مزار پر چادر پوشی کی اور پھول رکھے ۔محسن نقوی نے ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے دعا کی، انہوں نے مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے داتا دربار کے تزئین و آرائش کے پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا ، سیکرٹری اوقاف پنجاب نے پراجیکٹ کے بارے بریفنگ دی اور پیش رفت سے آگاہ کیا ۔
محسن نقوی نے کہا کہ لاہور سمیت دنیا بھر میں حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عقیدت مندوں کو عرس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ حضرت داتا گنج بخش ؒسمیت بزرگان دین نے برصغیر میں امن و آشتی کا درس دیا۔ آج ہمیں حضرت داتا گنج بخش اور دیگر بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔
واضح رہے کہ داتا گنج بخش ؒ کے 981ویں عرس مبارک کی تقریبات کا آج دوسرا روز ہے، عرس کی تقریبات میں ہزاروں عقیدت مندوں کی جانب سے جوق در جوق شرکت کا سلسلہ جاری ہے ۔