سٹی42: ن لیگ کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر مسلم لیگ ن کی اندرونی مشاورت مکمل ہو گئی۔
نواز شریف اسلام آباد اتریں گے یا لاہور ، ن لیگ میں مشاورت جاری ہے۔اہم رہنماؤں کی رائے ہے کہ نواز شریف وطن واپسی پر اسلام آباد اتریں ، اور جی ٹی روڈ سے ہوتے ہوئے لاہور پہنچیں۔ نواز شریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ پر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کی مشاورت سے طے ہو گی۔ پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں کو نواز شریف کی وطن واپسی پر اعتماد میں لیا جائےگا ۔
یہ فیصلے لندن میں قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف اور صدر مسلم لیگ ن محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بڑی بیٹھک میں کئے گئے۔ اس اہم اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔مسلم لیگ ن کی تمام اضلاع میں تنظیم سازی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے تنظیم کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
اس موقع پرسلمان شہباز، صدر مسلم لیگ ن لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر ، چئیرمین لیسکو حافظ میاں نعمان، افضال بھٹی، سابق رکن قومی اسمبلی رانا مبشر اقبال، سابق رکن اسمبلی جگنومحسن، سینٹر افنان اللہ خان، زبیر گل، اعجاز گل صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ لاہور ملک فیصل ایوب کھوکھر سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
اجلاس مین طے کیا گیا کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر پی ڈی ایم میں شامل اتحادی جماعتیں مسلم لیگ ن کےساتھ مشترکہ استقبالیہ کمیٹی تشکیل دیں گی۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ سب سے پہلے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر اعتماد میں لیا جائےگا۔
پی ڈی ایم میں شامل اتحادی جماعتوں سے رابطوں کے لئے مسلم لیگ ن کمیٹی تشکیل دے گی۔ نواز شریف کی وطن واپسی پر اتحادی جماعتوں کے سربراہ اور نمائندے نواز شریف کا استقبال کریں گے۔ مسلم لیگ ن کی خصوصی کمیٹی پیپلز پارٹی سے بھی نواز شریف کی وطن واپسی پر مشاورت کرے گی ۔
نواز شریف کی وطن واپسی پر مریم نواز ائر پورٹ پر نواز شریف کا استقبال کریں گی۔