عمران خان کے وکیل اسلام آباد ہائیکورٹ کی لفٹ میں پھنس گئے

25 Aug, 2023 | 12:56 PM

This browser does not support the video element.

مانیٹرنگ ڈیسک: سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی لفٹ میں پھنس گئے۔

عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ کیس کی سماعت کے بعد جب واپس روانہ ہوئے تو وہ لفٹ میں پھنس گئے جس کے بعد ہائیکورٹ کی عمارت کے مینٹیننس ڈپارٹمنٹ کو اطلاع دی گئی۔لطیف کھوسہ تقریباً 20 منٹ سے زائد لفٹ میں پھنسے رہے جب کہ مینٹیننس کے عملے نے لفٹ کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی مگر دروازہ نہ کھل سکا جس کے باعث لفٹ کے باہر کھڑے وکلا نے لفٹ کا دروازہ توڑنے کی کوشش کی۔

لطیف کھوسہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی دوسری منزل پر لفٹ میں پھنسے اور لفٹ گراؤنڈ فلور تک نہ پہنچی جس کے بعد لفٹ کے باہر موجود وکلا نے شور شرابا شروع کردیا۔

میڈیا رپورٹس  کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی لفٹ میں 15 سے 16 افراد کی گنجائش ہے اور لفٹ میں 19 افراد سوار تھے۔اس موقع پر عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا اور دیگر وکلا بھی لفٹ کا دروازہ توڑنے کی کوشش کرتے رہے۔

انتظامیہ نے لفٹ کا دروازہ کھولنے کے لیے ریسکیو کے عملے کو طلب کیا جس کےبعد ریسکیو اہلکاروں نے لفٹ کا دروازہ توڑ کر تمام افراد کو باہر نکالا جس میں تمام افراد کی حالت غیر تھی اور وہ پسینے میں شرابور تھے۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہےکہ لفٹ میں گنجائش سے زیادہ لوگوں کی وجہ سے لفٹ رکی جب کہ لفٹ میں کوئی ایمرجنسی الارم نہیں ہے۔

مزیدخبریں