مانیٹرنگ ڈیسک: جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن میں بدترین معاشی بحران اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ستائے لوگوں نے دکانوں میں لوٹ مار شروع کر دی۔
مقامی میڈیا کے مطابق حالیہ دنوں میں پورے ملک میں لوٹ مار کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے، لوٹ مار کے خوف سے کچھ دکانداروں نے دکانیں بند کردیں اور کچھ دکانداروں نے حفاظت کے لیے ہتھیار رکھ لیے ہیں۔سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز میں لوٹ مار کرنے والے افراد دکانوں سے کیش سمیت ہر چیز اٹھا کر فرار ہوتے نظر آرہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لوٹ مار کرنے والے درجنوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے، دوسری جانب ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنینڈس نے لوگوں سے امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔
واضح رہے کہ کرنسی کی قدر میں تیزی سے کمی نے اشیاء ضروریات کو مزید مہنگا کر دیا ہے جس کے باعث ارجنٹائن کے عوام ان دنوں معاشی بحران اور سو فیصد سے زیادہ مہنگائی کا شکار ہیں۔
عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے بدھ کو ارجنٹائن کے لیے 7.5 ارب ڈالر کی منظوری دی ہے۔حالیہ سالوں میں شدید معاشی بحران کے باعث ارجنٹائن آئی ایم ایف کا سب سے بڑا مقروض رہا ہے۔
ارجنٹائن کی حکومت کو امید ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے رقم کی منظوری سے ملک کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔