سعودی عرب، ایران اور مصر سمیت 6 ممالک برکس میں شامل

25 Aug, 2023 | 02:58 AM

ویب ڈیسک: سعودی عرب، ایران اور مصر سمیت 6 نئے ممالک برکس میں شامل ہو گئے۔

 غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے صدر نے کہا ہے کہ 6  ممالک کو نئے رکن بننے کی دعوت دگئی ہے۔اس حوالے سے جنوبی افریقا کے صدر نے کہا ہے کہ برکس نے سعودی عرب، ایران، ارجنٹینا، مصر، ایتھوپیا اور متحدہ عرب امارات کو برکس میں شمولیت کی دعوت دی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ نئے ممالک کی برکس رکنیت یکم جنوری 2024 سے نافذ العمل ہوگی۔

 اس معاملے پر برازیل کے صدر نے کہا کہ سعودی عرب، ارجنٹینا، ایتھوپیا اور یو اے ای نے برکس میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی افریقا میں ابھرتی ہوئی معیشتوں کی تنظیم برکس کے 15ویں سربراہی اجلاس کا آج دوسرا اور آخری روز ہے اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے برکس کی توسیع کےاعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔

 دوسری جانب چین کے صدر نے کہا ہے کہ برکس رکن ممالک پر عالمی امن اور ترقی کی اہم ذمے داریاں ہیں، برکس تنظیم کی توسیع برکس کوپ میکانزم کو نئی تحریک دے گی۔اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ برکس میں شمولیت کی منظوری کے برکس رہنماوں کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔ سب کے فائدے کے لیے برکس کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

 ایتھوپیا نے برکس میں شمولیت کو عظیم لمحہ قرار دیا ہے اور اس حوالے سے ایتھوپیا کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ جامع اور خوشحال عالمی نظام کے لیے سب کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔

 علاوہ ازیں برکس اجلاس میں ادائیگیوں کے لیے نئی کرنسی کے قیام پر غور کی قرارداد بھی منظور کرلی گئی ہے۔ برکس میں 2010 کے بعد ہونے والی یہ پہلی توسیع ہوگی، اس وقت برکس کے رکن ممالک میں برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقا شامل ہیں۔

مزیدخبریں