سامان گم ہونے پر لاکھوں روپے معاوضہ؛فضائی مسافروں کےحقوق کا نیا لائحہ عمل جاری

25 Aug, 2023 | 02:30 AM

ویب ڈیسک:سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے مسافروں کے حقوق سے متعلق نیا لائحہ عمل جاری کرتے ہوئے فضائی مسافروں کو سامان گم ہونے پر 6568 ریال (5 لاکھ روپے سے زائد) تک رقم ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے مسافروں کے حقوق سے متعلق نیا لائحہ عمل جاری کیا ہے،محکمہ شہری ہوابازی نے ایک بیان میں کہا کہ نیا لائحہ عمل 20 نومبر 2023 سے موثر ہوگا، مسافروں کی نگہداشت، مدد اور معاوضے کے حوالے سے ضوابط بیان کئے گئے ہیں۔نئے لائحہ عمل کے مطابق پرواز میں 6 گھنٹے سے زیادہ تاخیر پر مسافر کو 750 ریال نقد دینا ہوں گے، ان کے کھانے پینے، رہنے اور آمد و رفت کے انتظامات بھی فضائی کمپنی کے ذمہ ہوں گے۔

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پرواز منسوخ کرنے کی صورت میں ٹکٹ کی رقم کا 150 فیصد معاوضہ دینا ہوگا، معاوضے کی شرح مسافر کو پرواز کی منسوخی کی اطلاع کے وقت کے لحاظ سے مقرر ہوگی۔

 نئے لائحہ عمل میں مزید کہا گیا ہے کہ مسافر کو طیارے پر بٹھانے سے انکار کرنے پر ٹکٹ کی رقم اور 200 فیصد معاوضہ دینا ہوگا، طیارے میں کیٹیگری کم کرنے پر 200 فیصد تک معاوضہ دینا ہوگا، بغیر شیڈول اسٹیشن کرنے پر فی اسٹیشن 500 ریال معاوضہ مسافر کا حق ہوگا۔

 مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی فضائی کمپنی کی جانب سے معذور مسافر کو طیارے پر سوار کرنے سے منع کرنے پر ٹکٹ کی قیمت کا 200 فیصد معاوضہ ادا کرنا ہوگا، معذور مسافر کو ویل چیئر فراہم نہ کرنے پر بھی 500 ریال معاوضہ ادا کرنا ہوگا۔سعودی ایوی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں سامان کے معاوضے کے ضوابط کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

 نئے ضوابط میں کہا گیا کہ سامان گم ہوجانے پر 6568 ریال (پانچ لاکھ روپے سے زائد) تک کا معاوضہ مسافر کا حق ہوگا جبکہ سامان تلف ہوجانے پر معاوضے کی انتہائی رقم 6568 ریال تک ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سامان تاخیر سےموصول ہونے پر بھی مسافر کو معاوضہ دیا جائے گا، مسافر کا سامان موصول ہونے میں ایک دن کی تاخیر کا معاوضہ 740 ریال، اس کے بعد دوسرے روز سے ہر دن کے لحاظ سے تاخیر پر 300 ریال معاوضہ ہوگا، معاوضے کی انتہائی حد 6568 ریال ہوگی، رن وے پر آتے جاتے وقت پرواز میں 3 گھنٹے سے زیادہ تاخیر پر مسافر کو پرواز کی منسوخی کے ضوابط کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا۔

مزیدخبریں