(محمدساجد) معاشرے میں عدم برداشت کی فضا قائم ہوچکی ہے، معمولی بات پر تلخ کلامی اور بحث وتکرار کے بعد بات لڑائی، جھگڑے تک پہنچ جاتی ہے، ایسے واقعات میں جانی و مالی نقصان کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑتا ہے، ایک ایسی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں شہری نے ریسٹورنٹ ملازمہ سے بدتمیزی کی جو اس کو خوب مہنگی پڑی۔
تفصیلات کےمطابق معاشرے کی عمارت برداشت، اخلاقیات، رواداری اور محبت کے ستونوں پر کھڑی ہوتی ہے اور جب یہ خصوصیات سماج سے رخصت ہوجائیں تو وہ تباہی کی طرف تیزی سے گامزن ہوجاتا ہے، بدقسمتی سے دنیا بھر میں عدم برداشت دن بدن بڑھتا جارہا ہے، یہ عدم برداشت آج ہمیں اس نتیجے پہ لے آیا کہ چھوٹے سے چھوٹے اختلافات پر خون بہنے لگا ۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں پیش آنے والے واقعہ کی ویڈیو دیکھ کر صارفین بھی خاموش نہ رہے، نجی ریسٹورنٹ کے،ایف،سی میں گاہکوں کا ہجوم لگا ہوا ہے جبکہ ملازمین بھی موجود ہیں، ایک کاؤنٹر پر خاتون ملازمہ لڑکے سے خریدی گئی اشیاء کے بارے پوچھ کر لیپ ٹاپ میں بل بنارہی تھی کہ اسی دوران ایک شہری آرڈر میں تاخیر ہونے پر غصے میں آیا اور لیپ ٹاپ کو ہاتھ مار کر گرا دیا جبکہ خاتون ملازمہ کو بھی دھکا دیا۔
وہاں موجود ملازمین سے غصے میں کچھ بات چیت کی جبکہ شہری کی اس حرکت پر دیگر گاہک بھی ان معاملے کی طرف متوجہ ہوگئے، بعد ازاں کے،ایف،سی کے ملازمین شہری کی ساری ہوا نکال دی، خوب دھلائی کی، ریسٹورنٹ میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا۔