جرمانہ کرنے پر لائن مین نے پولیس اسٹیشن کی بجلی کاٹ دی

25 Aug, 2022 | 02:26 PM

ویب ڈیسک:بھارتی ریاست اتر پردیش میں محکمۂ بجلی کے ایک ورکر نے ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان عائد کرنے پر پولیس اسٹیشن کی بجلی ہی منقطع کر دی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ لائن مین پر ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ نہ پہننے کے جرم میں 2 ہزار کی بجائے 6 ہزار بھارتی روپے کا چالان عائد کیا تھا۔ پولیس اسٹیشن کی بجلی منقطع کرنے کی ویڈیو لمحے بھر میں سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو گئی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محکمۂ بجلی سے وابستہ محمد مہتاب نامی ملازم بجلی کے کھمبے پر چڑھتا ہے اور پولیس اسٹیشن کی بجلی کاٹ دیتا ہے۔محمد مہتاب کا کہنا ہے کہ میں نے پولیس سے درخواست کی ہے کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا اس بار معاف کر دیا جائے لیکن پولیس اہلکار کچھ سننا نہیں چاہتا تھا اور 2 ہزار کی جگہ 6 ہزار کا جرمانہ عائد کر دیا جبکہ میری ماہانہ تنخواہ ہی 5 ہزار روپے ہے۔

دوسری جانب محمکہ بجلی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس اسٹیشن کی بجلی 55 ہزار روپے کا بل ادا نہ کیے جانے پر منقطع کی گئی ہے، بجلی منقطع کرنے کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

مزیدخبریں