ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو دینے کا اعلان کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق گریڈ 7 سے 16 تک کے ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو دی جائے گی جبکہ گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کی 2 دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کو دی جائے گی۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب سمیت ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچا دی ہے۔ حالیہ بارشوں میں اب تک 300 بچوں سمیت 900 سے زائد اموات ہو چکی ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے ہزاروں ایکڑ فصلیں اجڑ گئیں اور سڑکیں بہہ گئیں، شہروں اور صوبوں کا آپس میں رابطہ کٹ گیا ہے۔