چین نے ایک بار پھر پاکستان سے دوستی کا حق ادا کردیا

25 Aug, 2022 | 01:22 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے پاکستان کو سیلاب متاثرین کیلئے خیموں اور دیگر فوری ضرورت کے امدادی سامان سمیت ہنگامی انسانی امداد فراہم کرنے کا اعلان  کردیا۔ 

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا ایک بیان سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ چین نے حال ہی میں پاکستان میں کئی مقامات پر شدید سیلاب آنے کا نوٹس لیا ہے، جس میں بھاری جانی اور مالی نقصان ہوا ہے، ہم آفت زدہ علاقے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ گہری تعزیت اور متاثرین اور زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرنا چاہتے ہیں، چین اور پاکستان سچے دوست ہیں جو ایک دوسرے کے غم اور پریشانی میں برابر کے شریک ہیں اور بڑی قدرتی آفات میں ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ہمیشہ اچھی روایت رہی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے فریم ورک کے تحت چین کی طرف سے فراہم کردہ 4000 خیمے، 50 ہزار کمبل، 50 ہزار ترپال اور دیگر امدادی اشیاء قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے فراہم کئے جا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ چین نے متاثرین سیلاب کے لیے 25 ہزار خیمے اور دیگر سامان فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، ریڈ کراس سوسائٹی چائنہ نے ہلال احمر ہاکستان کو ہنگامی طور پر 3 لاکھ ڈالر نقد امداد فراہم کر دی ہے۔

 

 

مزیدخبریں