شوارما، چکن برگر کھانے والے ہوجائیں خبردار

25 Aug, 2021 | 06:35 PM

Arslan Sheikh

فہد علی، رضوان نقوی: لاہور شہر میں مردہ گوشت کی سپلائی ناکام۔ شیراکوٹ، بابو صابو ناکے پر موبائل سکواڈ نے کارروائی کرتے مردہ مرغیوں سے بھرا ٹرک پکڑ لیا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کردی۔
 تفصیلات کے مطابق بابو صابو ناکے پر موبائل سکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عثمان اور جاوید کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان ٹرک میں بوریوں میں بند مردہ مرغیاں لے جا رہے تھے، ناکے پر موبائل سکواڈ کے اہلکاروں نے روک کر چیک کیا تو ٹرک سے ایک ہزار کلو سے مردہ مرغیوں کا گوشت برآمد ہوا۔ دونوں ملزمان کو موقع پر حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور ہوٹلوں پر مردہ مرغیاں سپلائی کرنے جارہے تھے جبکہ ملزمان رائیونڈ کے علاقے سے مختلف پولٹری فارمز سے مردہ مرغیاں لے کر آ رہے تھے۔ مردہ مرغیوں سے بھرا ٹرک پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حوالے کر کے ملزم کے خلاف شیراکوٹ تھانے میں مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ 

دوسری جانب ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں ملاوٹی دودھ مافیا کیخلاف آپریشن کیا گیا۔موبائل ملک ٹیسٹنگ لیب کی مدد سے دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کرکے دو ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا گیا۔ ملاوٹی دودھ گاڑی نمبر ایل ایکس پی 3803 اندرون شہر ٹکسالی گیٹ لایا جا رہا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کا کہنا تھا کہ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر دودھ کو تلف کیا گیا۔ دودھ میں سکمڈ ملک پاؤڈر کی ملاوٹ ثابت ہونے پر کارروائی کی گئی۔ ضائع کیے گئے دودھ کی فیٹ، ایل آر انتہائی کم جبکہ پانی کی ملاوٹ بھی پائی گئی۔ 

مزیدخبریں