سول سیکرٹریٹ (قیصر کھوکھر، سعدیہ خان ) پنجاب حکومت کو سیکرٹریوں کی خالی آسامیاں پُر کرنے کیلئے افسر نہ مل سکے، 7 سیکرٹریوں کی سیٹیں تاحال خالی، محکمانہ امور متاثر ہونے لگے ۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ، سیکرٹری ہائرایجوکیشن، سیکرٹری لائیو سٹاک، سیکرٹری انرجی، سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر کی سیٹ خالی ہے، جبکہ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن اور سیکرٹری ہاؤسنگ کی سیٹ بھی خالی ہے،وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری کے ان ایکشن ہونے کے باوجود اہم آسامیوں کو پُر نہیں کیا جاسکاہے۔
علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے مومن آغا کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی بنا دیا۔ ساتھ ہی ڈی جی نیشنل کرائسس انفارمیشن مینجمنٹ سیل کا ٹاسک بھی سونپ دیا، مومن آغا گریڈ اکیس کے افسر ہیں، وہ پنجاب میں کمشنر فیصل آباد، سیکرٹری انفارمیشن اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم کی خدمات بھی سر انجام دے چکے ہیں، مومن آغا ڈی ایم جی کے 23 ویں کامن سے تعلق رکھنے والے سینئر بیوروکریٹ ہیں۔
دوسری جانب محکمہ ماحولیات میں ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی چیلنج بن گئی، ایک سال کے دوران 4 ڈائریکٹر جنرل تبدیل کر دیئے گئے، ڈائریکٹر لیگل نواز مانک کو ڈائریکٹر جنرل کا اضافی چارج دے دیا گیا، محکمانہ تنازعات اور اینٹی کرپشن کی انکوائریوں کے باعث افسران محکمہ ماحولیات میں آنے سے کترانے لگے۔