( عثمان علیم ) پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے اراضی ریکارڈ سنٹرز میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف، ایف بی آر، ٹی ایم اے اور انتقالات کی مد میں غبن سے سرکاری خزانے کو نقصان، اتھارٹی نے 14 ملازمین کے معطلی کے آڈرز جاری کرتے ہوئے آڈٹ اور انکوائری کا آغاز کر دیا۔
پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے اراضی ریکارڈ سنٹرز میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ اراضی ریکارڈ سنٹرز میں ایف بی آر اور ٹی ایم اے ٹیکس کی مد میں غبن سے سرکاری خزانے کو نقصان ہوا، جس پر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے 14 ملازمین کو معطل کر دیا۔ اراضی ریکارڈ سنٹرز میں انتقالات کی مد میں موصول ہونیوالی ٹیکس کی رقم میں بے بھی ضابطگیوں اور خرد برد سامنے آئی ہے۔
جس پر اراضی ریکارڈ سنٹرز سٹاف بشمول سروس سنٹر انچارجز، سروس سنٹر آفیشلز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ اور لینڈ ریکارڈ آفیسرز کو فوری طور پر معطل کر کے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اراضی ریکارڈ سنٹرز پر بلا تعطل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے متبادل سٹاف کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایل آر اے معظم اقبال سپرا کی جانب سے ایف بی آر کی خصوصی آڈٹ ٹیموں کے ذریعے ان سنٹروں کے آڈٹ کی درخواست بھی کی گئی ہے۔