شہباز علی :قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر عابد علی نے کہا ہے کہ دورہ انگلینڈ سے بہت کچھ سیکھاہے ،اس دورے میں مجموعی طور پر ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔
سائوتھمپٹن میں تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روزکا کھیل ختم ہونے پر ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے عابد علی کا کہنا تھا کہ جیمز اینڈری سن ایک ورلڈ کلاس بائولر ہیں اور ہم یہ پلان کر کے آئے تھے کہ زیادہ سے زیادہ وقت وکٹ پر گزاریں گے، میں نے کوشش کی طویل اننگ کھیلوں ۔ ان کا کہنا تھامیں شارٹ پچ باولنگ کا سامنا کرنے کیلئے مکمل تیاری کیساتھ آیا تھا۔ عابد علی نے کہا کہ اس ٹور میں ہم نے اچھا کرنے کی کو شش کی ،اس سے بہتر کرسکتے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آج میچ کے آخری روز اچھی کرکٹ بھی کھیلیں گے اور میچ بھی بچائیں گے ۔
یاد رہے ساؤتھمپٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف شکست سے بچنے کے لیے قومی ٹیم کی جدو جہد جاری ہے۔بارش کے باعث کھیل ایک بار پھر متاثر رہا اور چوتھے روز 56 اوورز ہی کرائے جاسکے۔تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر فالو آن کے شکار پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر100 رنزبنائے ہیں اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 210 رنز بنانے ہیں۔
پہلی اننگز میں میزبان انگلینڈ نے 583 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم 273 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے فالو آن کرانے کے بعد پاکستان نے 310 رنز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو انگلینڈ کو پہلی کامیابی 49 رنز پر ملی جب شان مسعود 18 رنزبناکر کرس براڈ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ عابد علی بھی 88 کے مجموعی اسکور پر 42 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں جیمز اینڈرسن نے آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری حاصل ہے اور قومی ٹیم کو 0-2 کی شکست سے بچنے کے لیے کل کا دن انگلش بولروں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔