کورونا کا زور ٹوٹنے کے بعد لاہور میں ایک اور خطرناک وائرس بے قابو ہوگیا

25 Aug, 2020 | 11:11 AM

Sughra Afzal

ماڈل ٹاؤن (عثمان علیم، سعودبٹ) لاہور کے باسیوں کیلئے برُی خبر، صوبائی دارالحکومت میں کورونا کا زور ٹوٹتے ہی ڈینگی بے قابو ہوگیا، تین مقامات سے ڈینگی لاروا ملنے کی کی تصدیق، شہر میں جنوری سے اب تک ڈینگی کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 13 ہو گئی۔

پنجاب میں ڈینگی بخار کے 5 مزید کیس رپورٹ ہوئے،صوبے بھر میں رواں سال ڈینگی کیسز کی تعداد 39 ہوگئی، لاہور میں گزشتہ روز مزید تین مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہوا، ڈپٹی کمشنر دانش افضال نے سرویلنس کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے یو سی 128 ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن کا دورہ کیا جہاں ڈینگی سرویلنس کا جائزہ لیا گیا، دوران سرولنس تین مقامات سے ڈینگی لاروا کی تصدیق ہوئی جس کو موقع پر تلف کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان رانجھا کا کہنا ہے کہ لاروا کی نشاندہی ہونے والے مقامات پر ڈینگی سپرے بھی جاری ہے، رؤف مارکنگ، ڈور مارکنگ کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب محکمہ کوآپریٹو نے 69 کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں، 25 سب انسپکٹرز، 5 انسپکٹر اور 3 اسسٹنٹ رجسٹرار ٹیموں میں شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیمیں کوآپرٹیو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے وزٹ کریں گی، سوسائٹیز میں پانی کھڑا ہونے کے مقامات، ٹائر شاپس اور ہوٹلز کا جائزہ لیا جائے گا۔ 

ذرائع کے مطابق کسی بھی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں ڈینگی لاروا برآمدگی کی صورت میں متعلقہ افسر ذمہ دار ہوگا، محکمہ نے دعویٰ کیا کہ مسلسل چیکنگ سے گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں کوئی ڈینگی لاروا برآمد نہیں ہوا۔

طبی ماہرین کے مطابق ڈینگی مچھر کے کاٹنے کا صبح سویرے اور غروب آفتاب کے وقت خطرہ زیادہ ہوتا ہے، ان اوقات میں لمبی آستین والی قمیض  پہنی جائے، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے، کسی بھی جگہ گھر میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔

مزیدخبریں