جیل روڈ (زاہدچودھری،قیصرکھوکھر،بسام سلطان ) کورونا کے مریضوں میں کمی ،24گھنٹے کے دوران لاہور میں 17 اور پنجاب بھر میں55 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔ جبکہ وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ کورونا کے پنجاب بھر میں مجموعی طور پر 96223 کیسز اور 2188 اموات ہوچکی ہیں۔
ترجمان پرائمری ہیلتھ کے مطابق کورونا کی تشخیص کیلئے اب تک874,784ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں اور 91161 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔ محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے میں24گھنٹے کے دوران کوروناسے کوئی موت نہیں ہوئی جبکہ اسی دوران 11مریض صحت یاب ہوئے۔
دریں اثناء عید الاضحی کے بعد کورونا وائرس کے حوالے سے محکمہ صحت کی سیمپلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ رینڈم سیمپلنگ کے دوران پوزیٹو افراد کا تناسب 0.16 فیصد رہا۔ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 59815 سیمپل لئے گئے۔ جن میں سے صرف 95 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
صوبہ بھر کی مارکیٹوں سے 34298 ، شاپنگ مالز میں 4810، سیاحتی مقامات پر 5953، ریسٹورنٹ سے 2018 سیمپل کئے گئے۔درباروں سے 684، پولیو ورکرز 4658 سیمپل لئے گئے۔ مجموعی طور پر رینڈم سیمپلنگ کے دوران پوزیٹو مریضوں کا تناسب 0.16 فیصد رہا۔
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیراختیارکرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکربیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔
سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر ابھرے ہوئے ہوئے پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پرکوئی اثرنہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی شدت کم ہورہی ہے تاہم فی الحال شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو جاری رکھنا ہوگا تاکہ وبا مکمل طور پر ختم ہوسکے،شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔