(سعود بٹ)آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں گرفتار فواد حسن فواد کے خلاف نیب انکوائری میں تہلکہ خیز انکشافات سامنے آگئے، افسروں نے نیب میں بیان بھی قلم بند کرا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ اور سابق ایم ڈی انجینئرنگ سروسز کرامت اللہ چودھری نے نیب لاہور کو بیانات ریکارڈ کرا دیئے۔ طارق باجوہ نے بطور سیکرٹری خزانہ پنجاب آشیانہ اقبال کی انکوائری رپورٹ پر بیان ریکارڈ کرایا۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے طارق باجوہ کو آشیانہ اقبال کے ٹھیکے سے متعلق انکوائری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ افسروں نے ریکارڈ بھی جمع کرایا جس کو فواد حسن فواد کےخلاف ریفرنس کا حصہ بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ نیب لاہور نے 5 جولائی کوبروز جمعرات سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرسنل سیکرٹری فواد حسن فواد کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کیس میں بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا تھا جہاں بیان کےبعد انہیں باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا۔ فواد حسن فواد تاحال نیب کی حراست میں ہیں، فواد حسن فواد کو سپریم کورٹ گلگت بلتستان نے بھی کسی کیس میں طلب کر رکھا ہے۔