سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں بھی شدید گرم رہنے کا امکان ہے۔
شہر لاہور میں سورج کی تپش نے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کر دیا جبکہ 5 سے 10 فیصد بارش کے امکانات موجود ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔دوپہر کے وقت شہر میں بادلوں کا جزوی ڈیرہ متوقع ہے۔
دوسری جانب ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) نے بھی خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔شہر کا مجموعی AQI 115 ریکارڈ کیا گیا ہے۔جوہر ٹاؤن میں 85، عسکری 10 میں 86، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (UMT) میں 97، غازی روڈ انٹرچینج میں 102، ویلنشیا ٹاؤن میں 110 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہر قائد میں گرمی کی شدت میں کمی نہ آ سکی، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم گرم اور مرطوب ہے جبکہ فضائی آلودگی کے باعث شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) بھی خطرناک حدوں کو چھو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔مغرب کی سمت سے 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 75 سے 85 فیصد کے درمیان ہے۔
ادھر ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی اس وقت پاکستان کا چوتھا آلودہ ترین شہر ہے۔ شہر میں ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 109 پارٹیکولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین نے شہر کے فضائی معیار کو مضر صحت قرار دیتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، خصوصاً بچے، بزرگ اور سانس کے مریض زیادہ احتیاط برتیں۔