عرفان ملک : شہر میں 24 گھنٹوں کے دوران جنسی درندوں کی دل دہلا دینے والی وارداتیں سامنے آئیں ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق جنسی درندوں نے 3 کم عمر بچیوں اور 5 خواتین کو جنسی درندگی کا نشانہ بنایا، جبکہ 8 خواتین کو مختلف واقعات میں تشدد کر کے زخمی اور ہراساں کیا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ڈیفینس اے کے علاقے میں 11 سالہ بچی کو گینگ ریپ کا نشانہ بنا دیا گیا، جس کے بعد پولیس نے چار ملزمان داود وارث ، پرویز ، مراد اور عاطف کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ گجر پورہ میں 8 سالہ بچی سے توقیر نامی اوباش ملزم نے زیادتی کی کوشش کی۔ مناواں میں 12 سالہ بچی کو فصلوں میں اپنے تایا کو کھانے لیجاتے ہوئے درندگی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ ڈیفیس سی کے علاقے میں پراپرٹی کے آفس میں کام کرنے والی لڑکی کو شادی کا جھانسہ دے کر دو افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ رائیونڈ میں خاتون کو اس کے سابق شوہر نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ہنجروال میں خاتون کو مالک مکان اور اس کے ساتھی نے گھر میں اکیلا پا کر زیادتی کر ڈالی، ملزمان خاتون سے زیادتی کے بعد موبائل سے ویڈیو بھی بناتے رہے۔ شاہدرہ ٹاؤن میں شاہد نامی ملزم نے خاتون کو گھر میں لاکر زیادتی کا نشانہ بنایا۔
شالیمار میں کیبل نیٹ ورک کے لیے کام کرنے والے چار افراد نے خاتون کو ہراساں کیا۔ فیکٹری ایریا میں مصطفی ظہیر نامی ملزم نے خاتون کے کپڑے پھاڑے اور تشدد کیا۔گرین ٹاؤن ، شیراکوٹ ، لیاقت آباد ، گلبرگ ، شاہدرہ ٹاؤن میں بھی خواتین کو تشدد کا نشانہ بنا کر ہراساں کرنے کے ساتھ زخمی کیا گیا۔
پولیس نے تمام واقعات میں مقدمات کا اندراج کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔