صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سمگلنگ کا خاتمہ ضروری ہے، وزیراعظم

25 Apr, 2024 | 03:39 PM

ویب ڈیسک : وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسداد سمگلنگ میں آرمی چیف کی معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے  خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں گزشتہ ہفتے دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے اہلکار کے گھر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سمگلنگ کا خاتمہ ضروری ہے۔   شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے شہر ایبٹ آباد میں شہید کسٹمز حسین علی ترمذی کی رہائش گاہ پر اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے شہید کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

  وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے  سمگلنگ کی روک تھام کیلئے بھرپور کارروائی کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر، متعلقہ ایجنسیز کے افسران موجود ہیں، محسن نقوی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے یکسو ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سمگلنگ کا خاتمہ ضروری ہے، اسمگلنگ کا خاتمہ کیے بغیر معیشت مستحکم نہیں ہو سکتی، اس کی روک تھام کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، سمگلنگ کی روک تھام میں آرمی چیف کی معاونت پر شکر گزار ہوں، شہید انسپکٹر حسنین ترمذی پر فخر ہے، چند روز قبل بھی ڈی آئی خان واقعات میں 8 شہادتیں ہوئیں، عظیم سپوت جان ہتھیلی پر رکھ کر دشمنوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

 شہباز شریف نے مزید کہا کہ سمگلنگ کے خلاف کسی بھی کارروائی سے گریز نہیں کریں گے، اس کا خاتمہ کر کے اربوں ڈالر بچائیں گے۔

 خیال رہے کہ تین روز قبل ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کسٹم کے 3 اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوئے تھے۔
 

مزیدخبریں