مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے خوشخبری ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی

25 Apr, 2024 | 01:00 PM

Ansa Awais

اشرف خان: عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوگئی جس کی وجہ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کی توقع ہے۔

  انڈسٹری ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پیٹرول 1.86 ڈالر سستا ہوکر 107.16 ڈالر فی بیرل کا ہوگیا،عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت 4.30 ڈالر کمی کے بعد 104.76 ڈالر فی بیرل تک گرگئی،پاکستان میں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں 4.50 روپے 5 روپے تک کمی  جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے فی لیٹر تک سستا ہونے کی توقع ہے۔

  پیڑولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کے سربراہ عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ ڈی ریگولیشن کو یکسر مسترد کرتے ہیں ،حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن کیلئے کوشش کر رہی ہے، حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے تعین کے طریق کار سے چھٹکارا چاہتی ہے ،ڈی ریگولیشن کا اثر براہ راست عام آدمی پر پڑے گا ۔

  پیڑولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں پر دباؤ ڈالاہے ، پاکستانی معیشت اس تبدیلی کو لینے کیلئے تیار نہیں ہے ، ایندھن کی سپلائی 3 بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس ہے ،جن کا مارکیٹ شیئر 75 فیصد سے زیادہ ہے،  اجارہ داری کی صورت حال پیدا ہو جائے گی ،کمپنیاں منافع کا تعین کرنے کے بعد بااختیار ہو جائیں گی ،عوام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی طرف سے پیش کردہ پیٹرولیم مصنوعات خریدنے پر مجبور ہو جائے گی ، ڈیلرز شمالی علاقوں میں قیمتیں نمایاں طور پر بڑھیں گی ،براہ راست اثر معیار زندگی پر پڑے گا ۔

 پیڑولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنیاں کارٹیل کے طور پر کام کریں گی ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہیرا پھیری ہوگی ، ریفائنریز متاثر ہو سکتی ہیں ،سمگلنگ عروج پر ہے جس سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوتا ہے ، اسمگلنگ ہماری پیٹرولیم انڈسٹری کو بری طرح نقصان پہنچا رہا ہے ،اسمگلنگ کو روکنے کیلئے کوئی کارروائی نظر نہیں آتی ،ایر ان سے سستے پیڑول کا معاہدہ کیا جائے تاکہ عوام کو سستا پیڑول مل سکے۔
 

مزیدخبریں