مانیٹرنگ ڈیسک: یورپی یونین کی ماحولیاتی ایجنسی کے مطابق یورپ میں فضائی آلودگی سالانہ 1200 بچوں کی اموات کا باعث بنتی ہے۔
یورپی یونین کی ماحولیاتی ایجنسی کی جانب سے فضائی آلودگی سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں یورپ کے 30 ممالک میں فضائی آلودگی کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان کا مطالعہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی زندگی میں دائمی بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھاتی ہے اور براعظم یورپ میں فضائی آلودگی سے ہلاکتوں کی تعداد زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔
پورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیشتریورپی ممالک میں فضائی آلودگی کی سطح عالمی ادارہ صحت کے رہنما خطوط سے اوپر ہے جب کہ نوےکی دہائی میں یورپی یونین کے ممالک میں باریک ذرات سے اموات کی تعداد سالانہ 10 لاکھ تھی۔رپورٹ میں روس، یوکرین اور برطانیہ کے بڑے صنعتی ممالک کا احاطہ نہیں کیا گیا۔
رپورٹ میں جانی نقصان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یورپ میں فضائی آلودگی سالانہ 1200بچوں کی اموات کا باعث بنتی ہے جب کہ یورپی یونین کے ممالک میں اموات کی تعداد2005 تک 4 لاکھ 31 ہزار سالانہ پر آئی اور 2020 تک آئس لینڈ، ناروے، سوئٹزرلینڈ اور ترکیہ میں سالانہ اموات 2 لاکھ 38 ہزار رہیں۔
رپورٹ کے مطابق یورپی یونین 2030 تک فضائی آلودگی سے اموات 50 فیصدکم کرنےکے ہدف پر گامزن ہے۔
اسی حوالے سے عالمی ادارہ صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یورپ کی صورتحال دنیا کے دیگر ممالک سے بہتر ہے اور فضائی آلودگی دنیا بھر میں سالانہ 70 لاکھ اموات کا باعث بنتی ہے۔