مانیٹرنگ ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انتخابات سے انکار حکومت کا آئین پر حملہ ہے، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، عوام عدلیہ کی پشت پر ہیں۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ قومی امیدوں کا محور ہے، ملک میں جاری بحران کا واحد حل جمہور سے رجوع ہے، دستورِ پاکستان کی رو سے اقتدارِاعلیٰ کا مالک اللہ تعالیٰ، اختیارات کا سرچشمہ عوام ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ عوام اپنے اختیار کو صاف شفاف طریقے سے منتخب نمائندوں کے ذریعے بروئے کار لاتے ہیں، حکومت کی جانب سے انتخاب کے انعقاد سے انکار دستور پر حملے کے مترادف ہے،شکست کے خوف اور مفادات کیلئے آئین سے انحراف کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں اور میری جماعت ووٹ کا حق غصب کرنے والوں کے ہاتھوں آئین کا قتل روکنے کیلئے میدانِ میں ہے، اسمبلیوں کی تحلیل 100 فیصد آئینی و جمہوری راستہ ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے قیام کا مقصد انصاف کا قیام، قانون و دستور کی حکمرانی ہے، 1996 سے آج تک پی ٹی آئی نے پر پرامن، جمہوری و آئینی جدوجہد کی ہے، انتخاب میری یا تحریک انصاف کی نہیں، ملک و قوم کی ضرورت ہے, انتخابات کیلئے مکمل تیار ہیں، التوا کی غیر آئینی کوششوں کی مزاحمت کریں گے۔