9 جون سے شروع ہونیوالے بلدیاتی الیکشن کا شیڈول معطل

25 Apr, 2022 | 08:26 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے بلدیاتی الیکشن کا شیڈول معطل کردیا، عدالت نے الیکشن کمیشن، پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو جواب کے لئے مہلت دیدی۔

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 کےخلاف دائر درخواستوں پر اہم عبوری حکم جاری کردیا ہے، جسٹس شجاعت علی خان اور جسٹس شاہد جمیل خان پر مشتمل دورکنی سپیشل بینچ  نے طاہر سلطان چوہدری سمیت دیگر درخواستوں کی سماعت کی۔

درخواست گزاروں کی جانب سے سردار اکبر علی ڈوگر سمیت دیگر وکلاء پیش ہوئے۔دورکنی سپیشل بینچ  نے 9 جون سے شروع ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کو معطل کردیا ہے، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو 27 اے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے معاونت کے لئے 24 مئی کو طلب کرلیا ہے۔

درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ گورنر پنجاب نے آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لئےپنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس2021 منظور کیا, آرڈیننس میں وزیراعلیٰ کو بلدیاتی اداروں میں مداخلت کے بہت زیادہ اختیارات دیے گئے ہیں،بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے پر اختیارات ایڈمنسٹریٹرز کو تفویض کرنے کا کہا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی نمائدوں کے اختیارات ایڈمنسٹریٹرز کو دینے کا اقدام کالعدم قرار دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے بھی ایکٹ کے سکیشن 3 کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔ آرڈیننس کی منظوری آئین کی خلاف ورزی ہے۔

عدالت سے آرڈینس کے سکیشن 3 اور71 کو کالعدم قرار دینے، اورنو جون سے شروع ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول بھی کالعدم قرار دینے کی اپیل کی گئی تھی۔

مزیدخبریں