(سعدیہ خان)جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی خواتین ونگ لاہور سونیا خان اور سابق ڈی جی پی آر پنجاب و معروف شاعر شعیب بن عزیز سمیت اہلیہ ،بیٹی کورونا کا شکار ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق کورونا کیسز میں بدستور اضافے کا سلسلہ جاری ہے،جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ لاہور سونیا خان کورونا کا شکار ہوگئیں، سونیاخان نے خود کو گھر پر قرنطینہ کیاہے۔ سونیا خان نے کارکنوں سے صحت کے لئےدعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز پرعمل درآمد کریں، کورونا وائرس سے خود کو بچانے کے لئے مکمل احتیاط کریں، کارکن مہلک وائرس سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
سابق ڈی جی پی آر پنجاب و معروف شاعر شعیب بن عزیز میں کورونا وائرس کی تشخیص،شعیب بن عزیز کی اہلیہ اور بیٹی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا
سابق ڈائریکٹرجنرل پبلک ریلیشن پنجاب و معروف شاعر شعیب بن عزیز بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ شعیب بن عزیز کی اہلیہ اور بیٹی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔شعیب بن عزیز اور انکے اہل خانہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اپنی رہائشگاہ پر ہی قرنطینہ ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور کےسرکاری ہسپتالوں کے وینٹی لیٹرز کورونا کے مریضوں سے 98 فیصد تک بھر گئے، آکسیجن بیڈز پر درجنوں تشویشناک مریض وینٹی لیٹرز کے منتظر ہیں، محکمہ صحت ہسپتالوں کو مزید وینٹی لیٹرز دینے میں ناکام ہوگیا ، شہر میں کورونا کے لئے مختص کیے گئے 8 سرکاری ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز نایاب ہو گئے۔
میو ہسپتال کے 84 وینٹی لیٹر پر 84 مریض زیرعلاج، سروسز ہسپتال میں کورونا کے مختص 32 وینٹی لیٹرز پر بھی مریض موجود ہیں، گورنمنٹ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ میں 10 وینٹی لیٹرز بھی فل ہیں۔ پی کے ایل کے لئے مختص 8 وینٹی لیٹرز بھی بھر گئے۔