نشتر پارک ( حافظ شہباز علی) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن ٹی 20 آج کھیلا جائے گا، دوسرے میچ میں بدترین شکست اور پرفارمنس پر کپتان بابر اعظم بھی شکستہ دل ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق تیسرے ٹی 20 کیلئے پاکستان اور زمبابوے آج مدمقابل ہوں گے، فائنل مقابلے کیلئے دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں، جوڑ توڑ جاری ہے، دونوں ٹیمیں دوپہر دو بجے ہی مدمقابل ہوں گی۔ مسلسل ناکام آصف علی کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا۔ سیریز کے دوسرے ٹی 20 میں قومی شاہینوں نے انتہائی مایوس کن کھیل کھیلا، 119 رنز کا آسان ہدف مشکل ترین ثابت ہوا۔ بیس اوور بھی نہ کھیل سکے، آٹھ بلے باز ڈبل فگر تک بھی نہ جا پائے۔
کپتان بابر اعظم بھی ہار پر نالاں ہوئے اور عزم ظاہر کیا کہ تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں کم بیک کریں گے اور سیریز جیتیں گے، تیسرے اور آخری ٹی 20 کے بعد پاکستان اور میزبان زمبابوے کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 29 اپریل سے 3 مئی جبکہ دوسرا ٹیسٹ 7 سے 11 مئی تک کھیلا جائے گا۔ دورہ میں شامل تمام میچز ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے.
واضح رہےکہ پاکستان نے آخری مرتبہ 2018 میں زمبابوے کا دورہ کیا تھا، جہاں کھیلے گئے، سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔