اپوزیشن کی سرگرمیوں کا نتیجہ سامنے آگیا: ہمایوں اختر خان

25 Apr, 2021 | 08:19 AM

Sughra Afzal

والٹن(سٹی 42) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ہمیں اپوزیشن رہنماؤں کی صحت بحال ہونے پر خوشی ہوئی ہے اور شاید اسی وجہ سے عید الفطر کے بعد دوبارہ سیاسی مشقوں کی بڑھکیں لگائی جارہی ہیں۔ 

اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ کچھ لوگوں کے دل میں اپنی سیاست دوبارہ پروان چڑھنے اور وزیر اعظم بننے کی خواہشیں جنم لے ری ہیں لیکن کسی کی خواہشوں اور خواب دیکھنے پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی، ہم نے تو پہلے بھی اپوزیشن کو سیاسی سر گرمیاں کرنے سے نہیں روکا لیکن اس کا جو نتیجہ نکلا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اتحاد میں شامل جماعتوں کے اپنے اپنے مفادات تھے اس لئے ایسی تحریکیں کامیاب نہیں ہوتیں، ابھی تحریک کوئی سمت نہیں پکڑ سکی تو اتحاد کی یہ حالت ہو گئی ہے اور جب تک یہ سفر کا آغاز کرے گی تب تک اس کا کچھ باقی نہیں بچے گا۔

ہمایوں اختر نے مزید کہا کہ اپوزیشن اتحاد کو اس کے اپنوں سے جتنا صدمہ پہنچا ہے اب رہی سہی پی ڈی ایم حالت نزاع میں ہے اور اس کی ڈوبتی نبض بحال کرنے کی کوششیں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گی۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ کورونا وباء کی تیسری لہر انتہائی شدت سے پھیل رہی ہے ، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اسے سنجیدگی سے لیں اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے۔

مزیدخبریں