"اپوزیشن اور حکومت کو ساتھ مل کر چلنا ہوگا"

25 Apr, 2020 | 05:01 PM

Arslan Sheikh

( علی اکبر ) چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثرہ خاندانوں کی امداد جاری رکھی جائے، پاکستان میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے جنرل سیکرٹری پنجاب سینیٹر کامل علی آغا اور سینئر نائب صدر پنجاب چودھری سلیم بریار نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور ایم این اے مونس الٰہی بھی موجود تھے۔

ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال خصوصاً کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سلیم بریار نے پارٹی قائدین کی ہدایت کے مطابق راشن، سینی ٹائزرز اور حفاظتی ماسک تقسیم کیے جانے کی رپورٹ پیش کی۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ اپوزیشن اور حکومت کو ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بھی اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے پاکستانی بھائیوں کی دل کھول کرمدد کریں۔

سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے گجرات، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، بہاولپور اور گوجرانوالہ کے اضلاع میں پارٹی کی جانب سے راشن اور حفاظتی کٹس تقسیم کرنے پر پارٹی رہنماؤں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پاکستان مسلم لیگ ق عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

مزیدخبریں