پنجاب کی یونیورسٹیوں میں قرآن مجید ترجمے کیساتھ پڑھانے کا فیصلہ

25 Apr, 2020 | 10:20 AM

Sughra Afzal
Read more!

(قذافی بٹ) پنجاب کی تمام جامعات میں قرآن مجید ترجمےکےساتھ پڑھانے کا فیصلہ، گورنر پنجاب نے قرآنی تعلیمات کا ماڈیول تیار کرنے کیلئے وی سی کمیٹی تشکیل دیدی۔

ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے قرآنی تعلیمات کا ماڈیول تیار کرنے کیلئے وی سی کمیٹی تشکیل دیدی، کمیٹی میں جامعہ پنجاب، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز اور یونیورسٹی آف لاہور کے وائس چانسلر شامل ہیں،جامعات میں قرآن کورسز عید الفطر سے قبل شروع کیے جائیں گے۔

گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ ہمارے پاس رہنمائی کے لیے قرآن مجید موجود ہے، پنجاب کی تمام یونیورسٹیوں میں ترجمہ کے ساتھ قرآن کی تعلیم شروع کر رہے ہیں، اس حوالے سے جلد ڈرافٹ بھی تیار ہوجائےگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک مشکل ترین وقت سے گزر رہا ہے، عوام سمجھتی ہے کورونا پر قابو پا لیا گیا لیکن ایسا بالکل نہیں ہے۔

گورنرپنجاب نے کہا کہ علماء کرام اورعوام تعاون کریں، اگر احتیاطی تدابیر نہ اپنائی گئیں توبہت بڑا نقصان اٹھانا پڑسکتا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ گھروں میں رہیں۔

علاوہ ازیں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل کوپی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا، پروفیسر خالد مسعود گوندل نے میڈیکل ایجوکیشن میں پی ایچ ڈی کی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے باعث لاہور سمیت پنجاب بھرمیں سکول، کالج اور  یونیورسٹیاں بند ہیں،  حکومت پنجاب نے بچوں تک تعلیم کی رسائی یقینی بنانے کیلئے  تعلیم گھر نامی کیبل چینل،  ویب سائٹ اور ایپ بھی لانچ کی ہے جس سے طلبا ویب سائٹ سے لیسن پلان حاصل کرنے کے بعد مقامی کیبل آپریٹر کے ذریعے گھر بیٹھے تعلیم حاصل  کررہے ہیں، تعطیلات کے دوران کالجز اور یونیورسٹیوں کیجانب سےآن لائن کلاسز کا سلسلہ  بھی جاری ہے۔

مزیدخبریں