شفیق آباد میں گھریلو جھگڑے کا بھیانک انجام

25 Apr, 2019 | 10:06 AM

Sughra Afzal

(ندیم خالد) شفیق آباد کے علاقےمیں معمولی گھریلو جھگڑے پر شہری اویس نے طیش میں آکر 2 بہنوں اور باپ کو قتل کر کے خودکشی کرلی۔

شفیق آباد میں اویس نامی نوجوان نے اپنی دو بہنوں اور باپ  پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں جس سے تینوں جاں بحق ہوگئے جبکہ گولی لگنے سے اس کا بھائی فرحان زخمی ہوگیا،گھریلو جھگڑے پر ہو نیوالی فائرنگ میں جاں بحق ہونے والوں میں سدرہ، مریم اور ریاض شامل ہیں، مبینہ طور پر ملزم اویس نے فائرنگ کے بعد خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا، اطلاع ملنے پر ایس پی سٹی، ڈی ایس پی شفیق آباد، فرانزک ٹیمیں اورپولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے میو ہسپتال منتقل کر دیا ۔

ایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ واقعے کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں، زخمی فرحان کے بیان کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔

ملزم اویس کے بھائی شہزاد کا کہنا ہے کہ اویس نے اپنی بیوی کو طلاق دیدی تھی اب اُسے واپس گھر لانا چاہتا تھا جس پر اکثراُس کا گھروالوں کیساتھ جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ شب بھی جھگڑا ہوا تو اُس نے طیش میں آکر فائرنگ کردی۔

محلے دار فرید کا کہنا تھا کہ واقعہ افسوسناک ہے، مقتول ریاض انتہائی شریف انسان تھا، اویس کی گھر والوں کیساتھ اپنی بیوی کو واپس لانے پر اکثر اوقات تلخ کلامی ہوتی رہتی تھی، اویس کا اپنے سسرال والوں کیساتھ بھی جھگڑا چل رہا تھا۔

مزیدخبریں