عمراسلم:وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ویڈیو کانفرنس، عوام کو فوری انصاف کی فراہمی اورعوامی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تجاویزاور سفارشات کا جائزہ لیا گیا، انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کی خاطر موجودہ نظام میں اصلاحات وقت کا تقاضا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اصلاحات کا محور صرف اور صرف فوری عوامی ریلیف ہونا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے ان تجاویز کو حتمی شکل دے کر آگے بڑھنا ہے تاکہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ کمیٹی نے انتہائی مفید تجاویز پیش کی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے تجاویز مرتب کرنے پر کمیٹی کے اراکین کی کارکردگی کی تعریف بھی کی۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ، معروف وکیل مصطفی رمدے اور متعلقہ حکام ماڈل ٹاؤن اجلاس میں شریک ہوئے۔
سابق گورنر پنجاب و ماہرقانون شاہد حامد اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل عاصمہ حامد نےاسلام آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ماہرین قانون، صوبائی محتسب، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام سول سیکرٹریٹ سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔