ظلم کی انتہا، شاہدرہ میں سسرالیوں نےبہو کو زندہ جلا دیا

25 Apr, 2018 | 10:59 AM

Read more!

(سٹی 42) زمانہ بدلہ مگر حوا کی بیٹیوں کی قسمت نہ بدلی، شاہدرہ میں سسرالیوں نے پٹرول چھڑک کر بہو کو  زندہ جلا دیا، وزیراعلیٰ پنجاب  میاں محمد شہبا ز شریف نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لے لیا۔

 

پولیس کے مطابق مجیدپارک شاہدرہ کی رہائشی فوزیہ کا شوہر شمریز بیرون ملک ملازمت کرتا ہے، فوزیہ کا اپنے سسرالیوں سے کسی بات پر جھگڑاہو گیا تھا جس پر وہ میکے چلی گئی تھی جس کے بعد اس کے شوہر نے اسے فون کرکے کہاکہ وہ جا کر اس کی والدہ سے معافی مانگ لے۔فوزیہ کے مطابق جب وہ سسرال گئی تو اس کے جیٹھ اکرام، جاوید، نند سحر اور ساس نے اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ واقعہ کے بعد سسرالیوں نے یہ شور مچانا شروع کر دیاکہ فوزیہ نے خود کو آگ لگالی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمی خاتون کو میو  ہسپتال منتقل کر دیا جہاں وہ   زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔  پولیس نے متاثرہ خاتون کے بیان پر جیٹھ، نند اور ساس کیخلاف مقدمہ درج کر کے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں۔ لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف  نے اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

مزیدخبریں