پسند کی شادی نہ کرانے پر 17 سالہ لڑکی کی خودکشی

24 Sep, 2024 | 03:26 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک : پسند کی شادی نہ کرانے پر نوجوان لڑکی نے گلے میں دوپٹے سے پھندا لگا کرخود کشی کرلی۔

 سرسید تھانے کے علاقے نارتھ کراچی میں واقع محمد شاہ قبرستان کے عقب میں بلال کالونی کچی آبادی میں گھرسے ایک نوجوان لڑکی کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔متوفہ لڑکی کی شناخت 17 سالہ راحت دختر ریاض کے نام سے کی گئی۔

سرسید تھانے کے ایس ایچ او فرخ ہاشمی کا کہنا ہے کہ متوفیہ لڑکی کی بڑی بہن نے بتایا کہ راحت کسی لڑکے کو پسند کرتی تھی اوراس سے شادی کرناچاہتی تھی لیکن اس کے والدین پسند کی شادی کے مخالف تھے اورپیر کی شب والد نے راحت کا رشتہ طے کردیا اور بیٹی کو بتایا کہ جہاں انہوں نے رشتہ طے کیا ہے وہیں تمہاری شادی ہوگی، جس پر بیٹی دل برداشتہ ہو گئی۔

 منگل کی صبح والد اور بھائی کے کام پر جانے کے بعد بڑی بیٹی باورچی خانے میں ناشتہ بنا رہی تھی اوروالدہ گھر کے باہر بیٹھی ہوئی تھیں کہ اچانک انہیں کچھ گرنے کی آواز آئی اور جب انہوں نے جا کر دیکھا تو لڑکی نے دوپٹے کی مدد سے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی کرلی تھی۔ماں اور بڑی بہن نے مل کر لاش اتاری اور اسپتال منتقل کی۔

ایس ایچ اونے بتایا کہ واقعہ بظاہر خودکشی ہی کا لگ رہا ہے۔ تاہم پولیس مختلف پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تفتیش کررہی ہے۔
 

مزیدخبریں