ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بینائی متاثر ہونے کے واقعات؛ محسن نقوی نےڈرگ انسپکٹروں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیئے

Mohsin Naqvi, City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: صوبے میں آشوب چشم کی وباء اور انجکشن اویسٹن (Avastin) کے استعمال سے بعض مریضوں کی بینائی متاثر ہونے کے واقعات پر نگراں وزیراعلیٰ سید محسن نقوی نے سخت ایکشن لیتے ہوئے تمام متعلقہ ڈرگ انسپکٹروں کے خلاف غفلت برتنے پر سخت کارروائی کرنے کا حکم دے دیا،انکوائری رپورٹ آنے تک انجکشن کی فروخت روکنے اور  سٹاک مارکیٹ سے  اٹھائے کا حکم بھی دے دیا اور متاثرہ افراد کو حکومت پنجاب کی طرف سے مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی  نے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے اعلی اختیاراتی کمیٹی کےقیام کا حکم بھی دے دیا۔ آشوب چشم کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے بھی وزیراعلیٰ نے اہم احکامات جاری کر دیئے۔

 محسن نقوی نے آج اتوار کے روز لاہور میں وزارت صحت کے اہم اجلاس میں شوگر  کے بعض مریضوں کی بینائی متاثر ہونے اور آشوب چشم کی وبا پر تفصیلات سے آگاہی حاصل کی اور اہم فیصلے کئے۔

وزیراعلیٰ نے آنکھ کے انجکشن سے بعض افراد کی بینائی متاثر ہونے کے واقعہ پر تفصیلات معلوم کرنے کے بعد حکم دیا کہ پنجاب حکومت غلط دوا سے متاثرہ افراد کو فری علاج معالجہ فراہم کرے گی۔جن شہروں میں مریضوں کی بینائی متاثر ہوئی ہے وہاں کے ڈرگ انسپکٹرز کے خلاف غفلت برتنے پر کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو متعلقہ کلینکس کی جانچ پڑتال کا حکم  بھی دیا۔

محسن نقوی نے صوبہ میں آشوبِ چشم کی وبا کے حوالے سے ہدایت کی کہ ہر سطح پر آشوب چشم کی وباء کے سدباب کے لئے اقدامات یقینی بنائے جائیں -  ہسپتالوں میں علاج کے لئے تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں آشوب چشم کی وباء کی حفاظتی تدابیر اورسدباب کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔

سیکرٹری صحت  نے آشوب چشم کے مرض اور انجکشن کے باعث بعض مریضوں کی بینائی متاثر ہونے کے واقعہ پر حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آشوب چشم کا مرض قابل علاج ہے، سرکاری ہسپتالوں میں علاج کی بہترین سہولتیں میسر ہیں۔ آشوب چشم کے علاج کے لئے ادویات کی تسلی بخش مقدار موجود ہے۔ 

 وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سکولوں اورتعلیمی اداروں میں آشوب چشم میں مبتلا بچوں کواحتیاطی تدابیر کے پیش نظر گھر واپس بھیج دیا جائے۔

آفس یا رش والی جگہ پر آشوب چشم کے مریضوں کو داخل نہ ہونے دیا جائے۔ آشوب چشم کا مرض قریبی روابط سے پھیلتا ہے۔

بینائی ضائع ہونے کے زیادہ کیسز لاہور، ملتان،رحیم یار خان، خانیوال، قصور اور بہاولپور میں ہوئے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ آنکھیں سرخ،پانی بہنا،سوجن،چبھن بیماری کی علامات ہیں۔ آشوب چشم میں مبتلا مریض متاثرہ آنکھوں پر ہاتھ نہ لگائیں۔

صوبائی وزراء ڈاکٹر جاوید اکرم،ڈاکٹرجمال ناصر۔ عامر میر۔ چیف سیکرٹری۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن۔سیکرٹری   ہائیر ایجوکیشن ۔ سیکرٹری اطلاعات۔ ماہرین امراض چشم ڈاکٹر اسد اسلم ۔ڈاکٹر ہما۔ ڈاکٹر خالد وحید ۔ ڈاکٹر حامد ایوب اورمتعلقہ حکام بھی  اجلاس میں  شریک ہوئے۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی کا ٹویٹ

آنکھوں کے انجیکشن کے سانحہ اور آشوب چشم کی وبا کے حوالہ سے اجلاس کرنے کے بعد وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سوشل پلیٹ فارم ٹویٹر (ایکس) پر اپنی پوسٹ میں لکھا، "محکمہ صحت کے حکام اور ماہرین امراض چشم کے ساتھ Avastin کی وجہ اندھے پن کے معاملے پر اہم اجلاس ہوا. اجلاس میں چار امور پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ  کیا گیا:
1-نان سٹرلائیذڈ انجکشن کی دستیابی کے زمہ دار ڈرگ انسپکٹر وں کے خلاف فوری کارروائی
2- امراض چشم کے علاج کے لئے Avastin  کے استعمال پر کوالٹی رپورٹ آنے تک دو ہفتے تک پابندی
3.انجیکشن کے وجہ سے اندھے پن کے شکار افراد کا فری علاج
4.معاملے کی تحقیقات کے لئے اعلی اختیاراتی کمیٹی کا قیام