فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری کا امکان

24 Sep, 2023 | 12:53 PM

مانیٹرنگ ڈیسک: ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں انجرڈ ہونے والے قومی فاسٹ بولر نسیم شاہ کے کندھے کی سرجری کا امکان ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق نسیم شاہ کو طبی معائنے اور قابل ماہرین سے صلاح مشورے کے بعد کندھے کی سرجری کے لیے کہا گیا ہے۔امید کی جارہی ہے کہ فاسٹ بولر کو مکمل طور پر صحتیاب ہونے میں چار ماہ لگیں گے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ کے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے بھی نسیم شاہ کی صحت کے حوالے سے بتایا تھا۔

انضمام الحق کے مطابق ورلڈکپ اسکواڈ میں نسیم کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔

ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ نہ ہونے پر نسیم نے سوشل میڈیا پر بیان بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ  بوجھل دل کے ساتھ شیئر کر رہا ہوں کہ میں ورلڈ کپ میں نہیں ہوں گا، میں مایوس ہوں لیکن میرا یقین ہے کہ یہ سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

نسیم شاہ نے مزید لکھا کہ ان شاء اللہ بہت جلد دوبارہ میدان میں ہوں گا، تمام فینز کا شکریہ جنہوں نے مجھے دعاؤں میں یاد رکھا۔

واضح رہے کہ ایشیاکپ میں بھارت سے میچ میں آخری اوور ادھورا چھوڑ کر میدان سے باہر جانے والے پیسر نسیم شاہ کا دبئی میں اسکین ہوا تھا۔

مزیدخبریں