ویب ڈیسک:سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے اور بہو سارہ میں لڑائی متعلق تفصیلات سامنے آگئیں۔قتل کیس میں ایک نیا موڑ سامنے آیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق سارہ کے چچا کرنل(ر) اکرام اور ضیا الرحیم نے بھتیجی کے قتل کا الزام ایاز امیر اور ان کی سابق اہلیہ پر عائد کیا ہے۔تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ چچا نے الزام عائد کیا ہے کہ ایاز امیر اور ان کی سابق اہلیہ نے میری بھتیجی سارہ کو قتل کرایا ۔آج پولیس نے ایاز امیر اور انکی سابق اہلیہ کے وارنٹ گرفتاری حاصل بھی کر لئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم شاہنواز نے اپنی اہلیہ کو اپنی دیگر 2 شادیوں کے بارے میں نہیں بتایا تھا۔ ملزم اپنی بیوی سارہ سے حیلے بہانوں سے پیسے منگواتا تھا۔تفتیشی ذرائع کے مطابق سارہ نے اپنے لئے ایک گاڑی بھی خریدی، ملزم نے دھوکے سے گاڑی اپنے نام کرائی جس پر سارہ سے تکرار ہوئی۔ سارہ نے اپنے دیے گئے پیسوں کا تقاضا کیا اور گاڑی فوری طور پر اپنے نام کرانے کا کہا۔
ذرائع کے مطابق ملزم شاہنواز نے پیسوں کے تقاضے پر طیش میں آ کر اہلیہ سارہ کو قتل کیا۔ مقتولہ سارہ نے اپنی شادی سے متعلق کینیڈا میں مقیم والدین کو کچھ نہیں بتایا تھا۔تفتیشی ذرائع کے مطابق مقتولہ سارہ کینیڈا کی شہریت رکھتی ہیں۔