بیوی کو قتل کیوں کیا؟ صحافی ایاز امیر کے بیٹے نے وجہ بتا دی

24 Sep, 2022 | 10:47 AM

(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف صحافی ایاز امیر کے  بیٹے قاتل شاہنواز نے اپنی تیسری بیوی سارہ کو بے دردی سے قتل کرنے کی وجہ بتادی اور جرم کا اعتراف کرلیا۔  

سینیئر صحافی ایاز امیر کے  بیٹے اور اپنی اہلیہ کے قاتل شاہنواز امیر نے پولیس کو ابتدائی بیان ریکارڈ جمع کرا دیا، شاہ نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے سارہ پر شک تھا کہ اس کا کسی اور سے افیئر ہے، پھر اس نے مجھے افیئر نہ ہونے پر مطمئن کر لیا تھا لیکن مجھے لگتا تھا کہ سارہ کسی ملک کی ایجنٹ اور مجھے مارنا چاہتی ہے ، کل رات اُس نے میرا گلا پکڑا تھا اور آج صبح بھی قریب آکر میری گردن پکڑلی تھی۔

ملزم نے بتایا کہ جب گردن پکڑی تو مجھے لگا جیسے میری گردن ٹوٹ جائے گی اور میں مرجاؤں گا، جس پر میں نے سارہ کو دھکا دیا، وہ نیچے گری اور پھر اٹھ کر مجھ پر حملہ کردیا, قریب ورزش والا ڈمبل پڑا تھا جو  میں اس کے سر پر دے مارا، جس سے اُس کے سر سے خون نکلا اور میں گھبرا گیا، خون صاف کرنے کےلیے سارہ کو باتھ ٹب میں ڈال دیا۔

ذرائع کے مطابق سینئر صحافی ایاز امیر کی بہو کےقتل کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ شہزاد ٹاؤن کی مدعیت میں  درج کرلیا گیا، ایف آئی آر کے متن کے مطابق ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ موقع پر پہنچا تو خاتون نے بتایا کہ میرے بیٹے نے اپنی بیوی کو قتل کر دیا ، ملزم نے گھر میں پولیس کو دیکھ کر خود کو کمرے میں بند کر لیا تھا، گرفتاری کے وقت ملزم کی شرٹ اور ہاتھوں پر خون کے نشانات تھے، جھگڑے کے دوران ملزم نے بیوی کو ڈمبل کے وار کرکے قتل کیا تھا۔

واضح رہےکہ شاہنواز اور سارہ  کی  3 ماہ پہلے شادی ہوئی تھی، سارہ ایک روز قبل ہی دبئی سے اسلام آباد آئی تھی اور اس نے آتے ہی نئی گاڑی بھی نکلوائی تھی،گزشتہ روز  سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہنواز نے اپنی اہلیہ کو  بے دردی سے گھر میں قتل کر دیا تھا جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کر لیا ، سارہ کا پوسٹمارٹم بھی مکمل کرلیا گیا۔ 

مزیدخبریں