ویب ڈیسک : یمن میں خواتین کو اسمارٹ فون، میک اپ پاؤڈر کے استعمال سے روک دیا گیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر پابندیاں ، بھاری جرمانہ ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق صنعاء صوبے میں بنی حشیش ضلع کے ایک گاؤں کے شیوخ کو حوثی ملیشیا نے مجبورکیا ہے کہ وہ مذکورہ پابندیاں عائد کریں سوشل میڈیا پر اس حوالے سے ایک دستاویز گردش کر رہی ہے جس پر سبھی شیوخ کے دستخط نظر آ رہے ہیں۔ دستاویز میں عہد کیا گیا ہے کہ خواتین کو ٹچ موبائل کا استعمال نہیں کرنے دیا جائے گا۔ جو کوئی اپنی بیوی کو مذکورہ موبائل دے گا اس پر 2 لاکھ یمنی ریال اور ایک عدد گائے دینے کا جرمانہ عائد ہو گا خواتین بالخصوص کنواری لڑکیوں کو شادی کی تقریبات میں سجنے سنورنے یا چہرے کا پاؤڈر استعمال کرنے یا ٹیکسی میں محرم کے بغیر سوار ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔
دستاویز کی ایک شق میں لڑکیوں کا امدادی تنظیموں کے ساتھ کام کرنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔دستاویز پر غضران گاؤں کے شیوخ اور عمائدین کے علاوہ علاقے میں حوثی ملیشیا کے نگراں ذمے داران کے بھی دستخط ہیں۔