ویب ڈیسک : پاکستان کے سینیئر فنکار طلعت اقبال امریکا میں انتقال کر گئے ۔ اہل خانہ نے تصدیق کردی ۔
رپورٹ کے مطابق طلعت اقبال کے اہل خانہ نٰے بتایا ہے کہ وہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں زیر علاج تھے، بتایا جارہا تھا کہ طلعت اقبال بے ہوشی کی حالت میں وینٹی لیٹر پرتھے۔اس سے قبل طلعت اقبال کی بیٹی صومی حسین نے بتایا تھا کہ کہ ان کے والد کو کورونا نہیں ہوا بلکہ طلعت اقبال کچھ دوائیاں لے رہے تھے تو اس دوران ان کی سانس کی نالی میں گولی پھنس گئی تھی ۔ طلعت اقبال نے 70 اور 80 کی دہائی میں کئی ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے اور فلموں میں بھی کام کیا۔ ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ ڈیلاس میں واقع مسجد الرحمٰن اسلامک ایسوسی ایشن آف کیرولٹن میں ادا کی جائے گی۔ان کی اہلیہ سنبل طلعت اقبال بھی ٹی وی فنکارہ تھیں جو 2014 میں کینسر کے باعث امریکا میں انتقال کرگئی تھیں۔طلعت اقبال طویل عرصے سے امریکا میں مقیم تھے انہوں نے سوگواران میں ایک بیٹی اور بیٹا چھوڑے ہیں، ان کی دوسری بیٹی کا انتقال چند ہفتے قبل ہی ہوا تھا۔