(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی نے حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ فنکشنل کی بڑی وکٹ اڑا دی، سابق رکن سندھ اسمبلی اور فنکشنل لیگ کی رہنما مہتاب اکبر راشدی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا کی قریبی ساتھی مہتاب اکبر راشدی اور ان کے شوہر سید اکبر شاہ راشدی نےفریال تالپور سے اپنے گھر پر ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کردیا،
یاد رہے کہ مہتاب اکبر راشدی نے اداکارہ کی حیثیت سے کریئر کا آغاز کیا اور متعدد ڈراموں میں کام کیا، اس کے بعد وہ بیوروکریسی کی طرف چلی گئیں.وہ سندھ یونیورسٹی میں انسٹی ٹیوٹ آف سندھولوجی کی ڈائریکٹر، یونیورسٹی گرانٹ کمیشن کے ریجنل آفس کی ڈائریکٹر اورسندھ گورنمنٹ میں ڈائریکٹر لیاقت لائبریری، سیکرٹری کلچر اینڈ ٹوارزم اور سیکریٹری یوتھ افئیرز اینڈ سپورٹس کے مناصب پر فائز رہیں۔
انہوں نے ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی وژن کے متعدد پروگراموں کی میزبانی بھی کی، وہ 2013 کے انتخابات میں مسلم لیگ فنکشنل کے ٹکٹ پر رکنِ سندھ اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔