بینکوں سے قسطوں پر گاڑیاں لینے والوں کیلئے بری خبر

24 Sep, 2021 | 10:13 AM

Sughra Afzal

(سعید احمد) بینکوں سے قسطوں پر گاڑیاں لینے والوں کے لیے بری خبر، گاڑیوں کی خریداری کے لیے بینکوں کے قوانین میں تبدیلی کردی گئی، درآمد شدہ گاڑیوں کی خریداری کے لیے بینکوں سے قرضے بند، گاڑیوں کے قرضوں کی مدّت 7 سال سے کم کر کے 5 سال جبکہ ڈاؤن پیمنٹ 15 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کر دی گئی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے گاڑیوں کے قرضوں سمیت صارفین کے قرضے اور کریڈٹ کارڈز کے لیے نئے ضوابط نافذ کردیئے گئے، نئے ضوابط کے مطابق درآمد شدہ گاڑیوں کی خریداری کے لیے بنکوں سے قرضوں کو ممنوع قرار دے دیا گیا، گاڑیوں کے قرضوں کی زیادہ سے زیادہ مدّت 7 سال سے کم کر کے 5 سال جبکہ بینکوں سے گاڑیوں کے لیے قرضے کی مجموعی حد 30 لاکھ روپے مقرر کردی گئی۔ گاڑی کے قرضے کے لیے کم از کم ڈاؤن پیمنٹ 15فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد کر دی گئی ہے۔

 ترجمان اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق نئے ضوابط ایک ہزار سی سی انجن کپیسٹی تک کی ملک میں بنی اور اسمبل کی گئی گاڑیوں پر لاگو نہیں ہوں گے، صاف ستھری توانائی کے استعمال کے فروغ کے لیے ملک میں بنی الیکٹرک گاڑیوں پر بھی نئے ضوابط لاگو نہیں ہوں گے۔ ہزار سی سی سے کم اور الیکٹرک گاڑیوں کے لیے قرضوں کے پچھلے ضوابط ہی برقرار رہیں گے، جبکہ ذاتی قرضے کی زیادہ سے زیادہ مدت 5 سال سے کم کر کے 3 سال کر دی گئی ہے، نئی ہدایات کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام بنکوں کے صدور اور چیف ایگزیکٹیو افسران کو مراسلہ جاری کردیا۔

 

مزیدخبریں