(سپورٹس ڈیسک) کرکٹ کے پرستار سوگوار،سابق آسٹریلوی کرکٹرڈین جونز چل بسے۔59سالہ ڈین جونز ممبئی میں ہارٹ اٹیک کے باعث دم توڑگئے۔
دنیائے کرکٹ کا بڑا ستارہ ڈین جونز ، بڑا کھلاڑی اور بڑا انسان لاکھوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ گیا۔ آئی پی ایل کی کمنٹری کے لیے بھارت میں موجود ڈین جونز کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ ڈین جونز پاکستان سپرلیگ کے ساتھ بھی منسلک رہے۔ ڈین جونز اسلام آباد یونائیٹڈ اورکراچی کنگز کے ہیڈ کوچ رہے۔
ڈین جونز کے انتقال کی خبر سنتے ہی سوشل میڈیا پرقومی کرکٹرز اور مداحوں کی طرف سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ بھی شروع ، لاکھوں مداحوں نے ڈین جونز کے انتقال کا کرکٹ اورانسانیت کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔
ڈین جونز کا شمار اپنے وقت کے مایہ ناز کرکٹرز میں ہوتا ہے۔ 24مارچ 1961 کو پیدا ہونے والے ڈین جونز نے 1981 میں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنا شروع کی ۔30جنوری 1984 کوپاکستان کے خلاف ایک روزہ میچ سے انٹرنیشنل کیرئیر کا آغاز کیا
دو ماہ بعد مارچ 1984 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے ٹیسٹ کیرئیرکی بنیاد رکھی۔ ڈین جونز نے کیرئیرمیں 52ٹیسٹ میچ کھیلے جن میں 46سے زائد کی اوسط کیساتھ 3631رنزبنائے۔216ان کا سب سے بڑا اسکور رہا۔ٹیسٹ کیرئیرمیں 14ففٹیاں اور11سنچریاں شامل رہیں۔
ڈین جونز نے 164ایک روزہ میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔انہوں نے 44سے زائد کی اوسط کیساتھ 6ہزار68 رنز بنائے، 145رنز ان کی سب سے بڑی اننگز تھی۔ ڈین جونز نے ون ڈے میں 7سنچریاں اور46 نصف سنچریاں بنائیں۔
ڈین جونز کو کیرئیر کے دوران عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔وہ 1987 میں ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے رکن تھے۔