مالکن کو قتل کرنے والے گھریلو ملازمین میاں بیو ی گرفتار

24 Sep, 2020 | 03:47 PM

Shazia Bashir

سٹی42: ڈیفنس میں ستر سالہ مالکن کو قتل کر کے ڈیڑھ کروڑ مالیت کے پرائز بانڈ چرانے والے گھریلو ملازمین میاں بیوی کو پولیس نے گرفتار کر لیا ۔

 ایس پی انویسٹی گیشن علی بن طارق کے مطابق 70سالہ بزرگ خاتون شاہدہ سلہری کے اندھے قتل کی واردات ٹریس کر لی گئی جس کے گھریلو ملازم ہی قاتل نکلے ہیں ، ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق 2روز قبل گھریلو ملازم ملزم حسن علی نے بیوی اقراء اور رشتہ دار عاشق کے ساتھ مل کر اپنی مالکہ کو قتل کیا۔

ملزمان میاں بیوی نے 12 روز قبل ہی مقتولہ شاہدہ سلہری کے گھر میں ملازمت اختیار کی تھی اور گھر میں اکیلی بزرگ خاتون کی موجودگی کے پیش نظرملزمان میاں بیوی نے ڈکیتی کے منصوبے میں اپنے قریبی رشتہ دار عاشق کو بھی ساتھ ملا لیا، ملزمان نے گھر کی مالکہ کے سرپر ڈنڈے اور گلے میں پھنداڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا جبکہ ملزمان گھر سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کے سیونگ سرٹیفکیٹس اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔

اے ایس پی ڈیفنس سرکل آصف بہادر کا کہنا ہے کہ گرفتارملزمان سے لوٹے گئے سیونگ سرٹیفکیٹس اور طلائی زیورات برآمد کروانے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزیدخبریں