(جنید ریاض) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا میٹرک کے خراب نتائج پر اساتذہ کیخلاف کارروائی کا فیصلہ، 25 فیصد سےکم نتائج دینے پر سکول ہیڈ کے کیخلاف بھی کارروائی ہو گی۔
ذرائع کےمطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اتھارٹیز سے میٹرک کے نتائج کی تفصیلات مانگ لیں، سکول سربراہان اپنے سکول کے طلبا کی میٹرک میں کارکردگی رپورٹ مرتب کریں گے، سائنس اور آرٹس کے طلبا کے نتائج کی الگ الگ رپورٹ تیارکی جائے گی، رپورٹ ایک ہفتہ میں محکمہ سکول ایجوکیشن کو بھجوائی جائے گی، 25 فیصد سے کم نتائج دینے پر سکول ہیڈ کے کیخلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کیجائے گی جبکہ دس فیصد سے کم نتائج دینے پر متعلقہ ٹیچر کا تبادلہ کردیا جائے گا۔
علاوہ ازیں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے عرصہ دراز سے غیر حاضر افسران کیخلاف کارروائی شروع کردی، تمام اتھارٹیز سے گریڈ 17 سے اوپر کے تمام افسران کی غیر حاضری کی رپورٹ مانگ لی۔
ذرائع کے مطابق بغیر منظوری دفتر حاضر نہ ہونے والے افسران کو نوکری سے فارغ کردیا جائے گا، درجنوں افسران نے ڈیپارٹمنٹ سے ایکس پاکستان لیو لے رکھی ہے، لیکن چھٹی ختم ہونے کے باوجود افسران تاحال ملک سے باہر ہیں۔
ڈی پی آئی سکینڈری رانا عبدالقیوم کے مطابق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت پر متعلقہ اتھارٹیز کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 19 ستمبر کو لاہور بورڈ نے میٹرک کے رزلٹ کا اعلان کیا، رواں سال کامیابی کا تناسب 71.51 فیصد رہا۔ 2 لاکھ 37 ہزار طالب علموں نے امتحان میں حصہ لیا تھاجس میں سے ایک لاکھ 69 ہزار 596 طلبا پاس ہوئے۔