سرکاری یونیورسٹیوں کی اہم انتظامی سیٹیں تنازعات کا شکار

24 Sep, 2020 | 12:16 PM

Sughra Afzal

گلبرگ (ریحان گل) محکمہ ہائر ایجوکیشن کی سرکاری جامعات میں انتظامی مسائل حل کرنے میں عدم دلچسپی، لاہور کی تمام بڑی سرکاری جامعات طویل عرصے سے انتظامی مسائل کا شکار، سرکاری جامعات میں رجسٹرار، کنٹرولر، خزانچی سمیت اہم انتظامی سیٹیں تنازعات کا شکار ہیں۔ 

لاہور کی تمام بڑی سرکاری جامعات میں انتظامی عہدوں پر کی گئی تعیناتیاں تنازعات اور مسائل کا شکار ہیں، سنڈیکیٹ اور چانسلر کے اختیارات وضع نہ ہونے کے باعث گورنمنٹ کالج یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی، لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، یونیورسٹی آف ایجوکیشن اور ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں رجسٹرار، کنٹرولر ، خزانچی سمیت دیگر اہم انتظامی سیٹیں تنازعات کے باعث ایڈہاک ازم کا شکار ہیں۔

مذکورہ جامعات میں ان سیٹوں پر کیسز اور تنازعات چل رہے ہیں، گورنر پنجاب کی سخت ہدایات کے باوجود ان انتظامی مسائل کو حل کرنے میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہو سکی۔

دوسری جانب سرکاری جامعات میں نئے داخلوں کی پالیسی وضع کر لی گئی، سپیشل کیٹیگری کے طلبا کی سہولت کیلئے نئے داخلے وسط نومبر سے شروع کیے جائیں گے جبکہ پہلا سمسٹر دسمبر سے شروع ہو گا۔پہلے سمسٹر کی تاخیر گرمیوں کی چھٹیوں میں پوری کی جائے گی، جامعات میں داخلوں اور میرٹ لسٹ کیلئے مرکزی ویب پورٹل بنائی جائے گی اور یونیورسٹیز میں محکمہ صحت کے ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے گا۔

مزیدخبریں