موج دریا روڈ (رضوان نقوی)پنجاب ریونیو اتھارٹی کا ہوٹلوں شادی ہالز، بیوٹی پالرز اور کورئیر سروسز کی سیلز کا ریکارڈ مرتب کرنے اور ٹیکس چوری روکنے کیلئے کڑی مانیٹرنگ کا فیصلہ، چیئرمین پی آر اے زین العابدین ساہی نے مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی ( پی آر اے)نے ریسٹورنٹس کی آن لائن مانیٹرنگ کے کامیاب تجربہ کے بعد لاہور سمیت صوبہ بھر کے تمام ہوٹلوں، بیوٹی پارلز، شادی ہالز اور کورئیر سروسز کی بھی آن لائن مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا ہے، چیئرمین پی آر اے کی ہدایت پر شہر کے تمام چھوٹے بڑے ہوٹلوں، بیوٹی پالرز، شادی ہالز و کورئیر سروسز کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا ہے۔
پی آر اے نے الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم میں رجسٹریشن کرانے کے حوالے سے نوٹسز جاری کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا، چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی زین العابدین ساہی نے ممبر پی آر اے ڈاکٹرجاوید اقبال کی سربراہی میں الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب اور چیکنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی نےاگست میں 8ارب 60کروڑ روپے سیلز ٹیکس جمع کیا، پی آر اے نے کورونا صورتحال کے باوجود گزشتہ سال کی نسبت 39 فیصد زائد ٹیکس وصولی کی،کورونا وائرس کے پیش نظر بیس سے زائد سروسز پر حکومت نے ٹیکس کی شرح 16 فیصد سے کم کر کے 5فیصد کر دی تھی -
چیئرمین پی آر اے زین العابدین ساہی نےآفیسرز کو زیادہ ٹیکس اکٹھا کرنے پر سراہتے ہوئےسالانہ اہداف پورے کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کولیکشن میں بہتری لانے کی ہدایت کی ہے۔